افغانستان کی وادی پنجشیر میں طالبان جنگجوؤں کی جانب سے پیش قدمی جاری ہے۔
اطالوی امدادی ایجنسی کے مطابق طالبان پنجشیر میں آگے بڑھ کر انابا کے علاقے میں پہنچ گئے ہیں تاہم پنجشیر میں شدید لڑائی کے باوجود ہمارے آپریشن میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی۔
اطالوی ایجنسی’ایمرجنسی‘ کے مطابق پنجشیر میں طالبان کے ساتھ لڑائی میں زخمی ہونے والے کچھ افراد کو انابا میں ہمارے طبی مرکز لایا گیا۔
دوسری جانب ایڈیٹر امریکی لانگ وار جرنل کے مطابق پنجشیر میں کئی اضلاع پر طالبان کے قبضے کی اطلاعات ہیں تاہم یہ تصدیق شدہ نہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجشیر میں اب بھی غیر یقینی صورتحال ہے، امر اللہ صالح بھی پنجشیر میں سنگین صورت حال سے خبردار کر چکے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان مزاحمتی فورسز علی میثم نظارے کا کہنا ہے کہ مزاحمت کبھی ناکام نہیں ہو گی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں افغان طالبان نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اب تک ناقابل تسخیر رہنے والی وادی پنجشیر پر بھی کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
طالبان نے دعویٰ کیا تھا کہ وادی پنجشیر کے تمام اضلاع پر ان کا کنٹرول ہے جبکہ سابق افغان نائب صدر امر اللہ صالح کے تاجکستان فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔