بھارت کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمنا نے نیو دہلی میں فضائی آلودگی کے حوالے سے کہا کہ کیا پاکستان کی انڈسٹری بند کی دی جائیں
نیو دہلی میں فضائی آلودگی کے حوالے سے بھارتی ریاست اترپردیش کی حکومت کو سپریم کورٹ میں طلب کیا تھا تاکہ وہ ریاست میں فضائی آلودگی کا باعث بننے والے عوامل سے معزز عدالت کو آگاہ کریں۔
اترپردیش کی حکومت کے وکیل نے نیو دہلی اور اس کے اطراف میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے حوالے سے چیف جسٹس کو بتایا کہ ریاست میں کسی بھی قسم کی فصل کی باقیات کو جلایا نہیں جا رہا ہے ، بلکہ یہ اترپردیش ریاست سے ملحقہ پاکستانی سرحدی علاقے میں جلائے جانے والا فضلہ ہے جو ہوا کے ذریعے اترپردیش میں داخل ہو رہا ہے۔
وکیل نے کہا اس وقت اترپردیش میں ہوائیں پاکستان کی طرف چل رہی ہیں اور زیادہ تر فضائی آلودگی کا باعث بننے والا دھواں پاکستان سے آ رہا ہے۔
اترپردیش کی ریاست نے چیف سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ ریاست پر کسی بھی قسم کی کوئی پابندی نہ لگائی جائی۔ ریاستی وکیل کا کہنا تھا کہ ریاست میں شوگر ملز کو دن میں صرف 8 گھنٹے گنے کی کرشنگ کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جن پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے اترپردیش ریاست کے وکیل کے جواب میں اپنے ریمارکس میں کہا کہ تو کیا آپ چاہتے ہیں کہ پاکستان کی انڈسٹری پر پابندی لگا دی جائے۔
چیف جسٹس کے ریمارکس پر اترپردیش کے وکیل خاموش ہو گئے۔
واضح رہے کہ بھارتی شہر نئی دہلی دنیا بھر میں فضائی آلودگی پھیلانے والے شہروں میں سرفہرست ہے۔