اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے نیشنل ڈیجیٹل کیبل پالیسی 2021ءکی منظوری دے دی ہے جس کے تحت کیبل آپریٹرز کے لئے سبسکرپشن ماڈل شروع کیا جائے گا، اس ماڈل سے کیبل آپریٹرز کو نئے چینلز چلانے کے لئے سبسکرپشن کی سہولت میسر آئے گی۔
یہ بات انہوں نے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے گھروں میں اینالاگ کیبل آ رہی ہے جس کی کوالٹی نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ اس میں چینلز کی تعداد بھی کم ہے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نیشنل ڈیجیٹل کیبل پالیسی 2021ءکے تحت کیبل آپریٹرز کو نئے چینلز چلانے کے لئے سبسکرپشن کی سہولت میسر آئے گی۔ کیبل کو ڈیجیٹلائز کرنے کے بعد چینلزکی ریٹنگ میں بھی شفافیت کے ساتھ ساتھ چینلز کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ سبسکرپشن ماڈل کی فراہمی سے کیبل آپریٹرز کو مقامی اور بین الاقوامی مواد خریدنے اور چلانے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کیبل آپریٹرز کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضے فراہم کئے جائیں گے جس سے انہیں ڈیجیٹل باکس خریدنے میں سہولت ہوگی اور یہ رقم وہ صارفین سے وصول کر کے اپنے قرضے کی رقم واپس کر سکیں گے۔
کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کیبل آپریٹرز ایسیوسی ایشن کے مسائل غور سے سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔