نیشنل ٹی20 کپ، خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست

نیشنل ٹی 20 کپ میں خیبر پختونخوا نے سدرن پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی ٹی 20 کرکٹ کا میلہ جاری ہے۔ آج کھیلے گئے میچ میں خیبر پختونخوا کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم سدرن پنجاب کو شکست سے دوچار کیا۔

سدرن پنجاب نے پہلے کھیلتے ہوئے حریف ٹیم کو تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 153 رنز کا ہدف دیا۔ شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے محمد عمران نے سب سے زیادہ 54 رنز بنائے جبکہ دیگر بیٹسمینوں میں حسان خان 25 اور خوشدل شاہ 24 اسکور بناکر نمایاں رہے۔

فاتح ٹیم کے عمران خان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 3، محمد وسیم نے 2 اور آصف آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: نیشنل ٹی 20: حسن علی عمید آصف سے الجھ پڑے

خیبر پختونخوا کے بلے باز صاحبزادہ فرحان کی جارحانہ بلے بازی نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور انہوں نے 49 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان محمد رضوان نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 64 رنز بنائے۔ عادل امین اور افتخار احمد 6، 6 اسکور بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس طرح سدرن پنجاب کی ٹیم کا 153 رنز کا ہدف خیبر پختونخوا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کر لیا، سدرن پنجاب کے نسیم شاہ نے 2 اور فیصل اکرم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

عمران خان کو میچ میں 4 وکٹیں حاصل کرنے پر میں آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں