کراچی: نیسلے پاکستان نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 65.8 بلین روپے آمدنی کا اعلان کیا ہے جس میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 12.7فیصداضافہ ہوا ہے ۔ آمدنی میں اضافہ کی وجوہات میں برانڈز میں سرمایہ کاری، نئی مصنوعات کا اجرا ء اور قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار شامل ہے۔ گزشتہ سال کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہونے والے کاروباری اتار چڑھاؤ کی وجہ سے اس سال کی نمو میں بہتری نمایاں ہوئی۔
حجم میں اضافہ، اوورہیڈز کنٹرول اور ویلیو چین لاگت میں بہتری کے نتیجہ میں گزشتہ سال کی نسبت رواں سال کمپنی کے آپریٹنگ منافع میں 24.3 فیصد اضافہ ہوا۔مالی لاگتوں میں کمی خالص منافع میں بہتری کا باعث بنی۔
کورونا وبا کی جاری صورتحال اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ سے پیداواری لاگت میں اضافہ کے باوجود کمپنی آئندہ مدت میں پرعزم افرادی قوت کے ساتھ مضبوط برانڈ ایکویٹی اور آپریشنل کارکردگی کیلئے تسلسل کے ساتھ اقدامات کی بدولت مالی کارکردگی کے بارے میں پرامید ہے۔