پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر نے اپنی شادی کی تقریبات سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
نجی ویب سائٹ کے ساتھ ہوئی حالیہ گفتگو میں جنید صفدر نے بتایا کہ ’رخصتی اور ولیمے کی تقریبات اسلام آباد اور لاہور میں منعقد کی جائیں گی‘۔
جنید صفدر کے مطابق شادی کی تقریبات کے لیے حتمی تاریخوں کا اعلان فی الحال نہیں ہوا لیکن توقع ہے کہ تقریبات دسمبر میں ہوں گی۔
جنید صفدر نے دوران گفتگو بالی وڈ فلم سے متعلق اپنی پسندیدگی کا بھی اظہار کیا اور بتایا کہ ان کی پسندیدہ فلم’ زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ ہے جب کہ انھیں بالی وڈ کے معروف اداکار و ہدایت کار فرحان اختر کی فلمیں پسند ہیں۔
خیال رہے کہ جنید صفدر کا نکاح 22 اگست کو عائشہ سیف کے ساتھ لندن میں ہوا تھا جس میں ان کے قریبی رشتہ داروں اور دوست احباب نے شرکت کی تھی۔
مریم نواز بیٹے کے نکاح میں تو شریک نہ ہو سکیں لیکن جنید کے نانا اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو نکاح کی تقریب میں دیکھا گیا۔
جنید صفدر کے نکاح کی متعدد تصاویر اور ویڈیوز بھی کئی روز تک سوشل میڈیا کی زینت بنی رہیں۔