موسمِ سرما کی آمد ،لوازمات اور تیاریاں

اللہ تعالیٰ نے ہمارے پیارے وطن کو چاروں موسموں سے نوازہ ہے، سردی، گرمی ، خزاں ، بہار۔ یہاں پر ہر موسم نہ صرف بھرپور طریقے سے آتا ہے بلکہ یہاں کے رہنے والے اسے جی بھر کے مناتے بھی ہیں۔ گرمی کو یہاں خاص پسند نہیں کیا جاتا کیونکہ گرمی میں دھوپ، گرمی ، پسینہ اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسائل سے عوام پریشان ہوجاتے ہیں اور پھر اس پریشانی کو بھگانے کےلئے ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کیا جاتا ہے جیساکہ ٹھنڈا شربت، کولڈ ڈرنک ، دودھ سوڈا، لسی وغیرہ۔ رات کے وقت آئسکریم کھانا اکثر لوگوں کی عادت ہوجاتی ہے ۔ پھر کراچی کے مکین اپنا فارغ وقت ساحلِ سمندر پر گزارنا پسند کرتے ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ بچوں کی گرمیوں کی چھٹیوں میں پکنک کے لئے سمندر کے مختلف پوائنٹس پر کافی رش ہوتا ہے۔ اس موسم کا دورانیہ بھی باقی موسموں کی نسبت کچھ زیادہ ہوتا ہے۔


اس کے برعکس اگر موسمِ سرما کی بات کی جائے تو یہ موسم پاکستان میں نومبر کے مہینے سے شروع ہو کر جنوری کے آخر یا فروری تک رہتا ہے۔ کیونکہ اس کا دورانیہ کم ہوتا ہے تو لوگ اسے زیادہ سے زیادہ انجوائے کرنا چاہتے ہیں۔سردیوں کے لوازمات بھی باقی موسموں سے زیادہ ہوتے ہیں ۔ مختلف قسم کے گرم مشروبات، سردی سے بچنے کےلئے مختلف قسم کے لباس اور ٹوپیوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ٹھنڈی شاموں میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے جیسا کہ بار بی کیو پارٹی اور بون فائر وغیرہ۔ دسمبر کا مہینہ شادیوں کا مہینہ بھی کہلاتا ہے کیونکہ اکثر لوگ شادی کے لئے سردی کے موسم کا ہی انتخاب کرتے ہیں۔ جیسا کہ آپ سب کو معلوم ہے کہ پاکستان میں اب سردیوں کی آمد آمد ہے تو کیا آپ اس موسم کو بہترین طریقے سے منانے کے لئے تیار ہیں؟؟؟

آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ اس موسم کی خاص غذائیں کون سی ہیں اور کیسے اس موسم کو بچوں اور بڑوں سب کے لئے سازگار بنایا جاسکتا ہے۔

سردیوں کے موسم کی فائدہ مند غذائیں:

آئیے چند مخصوص غذاؤں کے بارے میں جانتے ہیں جو سردی میں آپ کے لیے راحت کا باعث بنیں گی

1۔جڑوالی سبزیاں:


زمین کے اندر اگنے والی سبزیاں جڑ والی ہوتی ہیں۔ تحقیق سے ثابت ہے کہ جڑوں کی شکل میں اگنے والی سبزیاں اینٹی آکسیڈنٹس اور معدنیات سے بھرپور ہوتی ہیں۔ ادرک، آلو، چقندر ، شلجم ، اروی، مولی ، گاجر ، شکر قندی وغیرہ ہمارے لیے انتہائی فائدہ مند ہیں اور موسم سرما کی وجہ سے پیدا ہونے والے امراض سے ہمیں محفوظ رکھتی ہیں۔ طبی ماہرین انہیں ’غذائیت کا پاو ر ہاؤس‘ بھی قرار دیتے ہیں۔

2۔ سمندری غذائیں:

سمندری غذاؤں میں سب سے زیادہ مچھلی کھائی جاتی ہے، جس میں وافر مقدار میں سیلینیم پایا جاتا ہے۔ سیلینیم، مدافعتی نظام کو مضبوط کرکے موسم سرما کے دوران نزلہ زکام سے محفوظ رہنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ مچھلی میں موجود فاسفورس دماغ کی نشوونما بہتر بناتا ہے۔ مچھلی میں موجود وٹامن اے اور ڈی ہڈیوں اور دانتوں کے لیے بہترین قرار دیا جاتا ہے۔سمندری غذاؤں میں دوسری اہم غذاجھینگا قرار دی جاتی ہے۔ جھینگا، جگر کی بیماریوں کے خاتمے کے لیے اہم تصور کیا جاتا ہے۔ امریکا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں کی گئی ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا کہ جھینگے کا گوشت Schistosomiasisنامی بیماری کا پھیلاؤ روک کرجگر کی خرابی، مثانے کا کینسراور متعدد دماغی بیماریوں کا راستہ روک دیتا ہے۔

3۔ خشک میوہ جات:

ٹھنڈے موسم میں جسم کو گرمائش دینے کے لیے روز مرہ کی غذا میں خشک اور گری دار میوؤں کا استعمال بہت فائدہ دیتاہے۔ پکے ہوئے اخروٹوں کی گری جاڑوں میں ہونے والی کھانسی میں بہت مفید ثابت ہوتی ہے، اس کے استعمال سے دماغ کو بھی طاقت ملتی ہے۔ خشک میوے فائبر سے بھر پور ہوتے ہیں اور ا ن کو کھانے کے بعد زیادہ دیر تک بھوک نہیں لگتی ، اس لئے یہ وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ ان سے ہاضمہ بھی بہتر ہوتاہے اور جسم کی فالتو چکنائی کو بھی کنٹرول کرتےہیں۔

4۔ گرم مشروبات:

پاکستان جیسے ملک میں لوگ ویسے ہی چائے کے بہت شوقین ہیں لیکن سردیوں میں ان کپس کی تعداد کچھ زیادہ ہی ہوجاتی ہے، چائے کے علاوہ کافی ( coffee) کا استعمال لوگوں کے لئے تسکین کا باعث بنتا ہے ۔ کیونکہ سردیوں کے موسم میں لوگ عام طور پر تھوڑے سست ہوجاتے ہیں تو چائے کافی میں موجود کیفین ان کو گرمی کے ساتھ ساتھ تازگی بھی فراہم کرتی ہے جس سے وہ خود کو انر جیٹک محسوس کرتے ہیں ۔اس کے علاوہ مختلف اقسام کے قہووں کا استعمال بھی زیادہ کیا جاتا ہے۔سردی شروع ہوتے ہی جگہ جگہ سوپ کی چھوٹی بڑی دکانیں نظر آنے لگتی ہیں۔ حفظان صحت کے اصولوں کوپیش نظر رکھتے ہوئے جو سوپ تیار کیا جائے وہ ایک سرد رات کا مزہ دوبالا کردیتا ہے۔

5۔ موسمِ سرما کے پھل:

سردیوں کے تقریبا تمام رس دار پھلوں میں وٹامن سی کی وافر مقدار ہوتی ہے جو کھانسی اور زکام کی شدت کم کرنے میں خصوصی مدد کرتی ہے۔ کینو موسم سرما کا خاص پھل ہے۔ اس میں 85 فیصد کیلوریز ہوتی ہیں۔ اس میں کولیسٹرول کی مقدار نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔ دن میں کم از کم دو کینو کے استعمال سے نہ صرف آپ کی غذائی ضرورت پوری ہو سکتی ہے بلکہ کمزور جسم والے افراد اور بچوں میں بھوک کی اشتہا بڑھانے کا بہترین ٹوٹکا ہے۔ کینو کے متواتر استعمال سے قوت مدافعت میں بھی اضافہ ہوتا ہے، جس سے آپ کا جسم بیماریوں سے لڑنے کی خوب طاقت حاصل کرتا ہے۔کینو کے استعمال سے فربہی مائل افراد اپنے وزن پر قابو پاسکتے ہیں اور آپ کی جلد، ناخن اور بال کی خوب صورتی میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔

سردیوں میں آنے والی بیماریاں اور ان سے احتیاط:

سردی کے موسم میں کئی بیماریاں مثلاً موسمی بخار انفلوئنزا یا وبائی فلو ، نمونیہ، ،دمہ ، نزلہ، زکام ، کھانسی، گلے کی خرابی اور سوزش ، جوڑوں کا درد ، ناک بند ہونا ، الرجی ،سینے کا جکڑنا یا انفیکشن ، جلد کی خشکی ، جلدی بیماریاں ، خارش ، سردرد اورکمر درد وغیرہ پیدا ہوجاتی ہیں اورطبیعت میں سستی پیدا ہوجاتی ہے۔ اوربدلتے موسم (winter vibes) میں کچھ وائرس اور بیکٹریا بھی مو سمی بیماریوں اور وبائی امراض کا با عث بنتے ہیں ۔ سردیوں میں دل کے امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے کیونکہ سردیوں میں خون کے بہائو میں کمی واقع ہو جاتی ہے۔سردیوں میں جلد بھی خشک اور بے رونق ہو جاتی ہے۔

ان سب باتوں کے باوجود سردی کے موسم سےلطف اندوز ہونے کے لیےچند باتوں کا خٰیال رکھنا اور کچھ حفا طتی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہیں

مثلاًسردیوں میں گرم کپڑے پہنیں جرابیں اوردستانوں کا استعمال کریں اور سر، پاؤں ،چہرہ، کو ڈھانپ کر رکھیں تو سردی کی ٹھنڈ ، بخار ، سر درد ، ناک کا بند ہونا نزلہ، زکام اور کئی دوسری بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکتاہے۔ خاص طور پر بزرگوں کو گرم کپڑے پہن اوڑھ کر رہنا چاہیئے اور اپنے آپ کو ڈھانپ کراور جِلد کو خشک ہونے سے بچانا چاہیئے ۔ اسی طرح بچے بھی زیادہ حساس ہوتے ہیں اس لیے انھیں سردی کے مضر اثرات (winter vibes) سے بچانے کے لیے گرم کپڑے پہنا ئیں اور ڈھانپ کر رکھیں لیکن اتنے زیادہ گرم ملبوسات بھی نہ پہنا ئیں اور نہ اتنا ڈھا نپ کر رکھیں کہ وہ بیمار (winter diseases) ہوجا ئیں ۔کمر درد ، سردرد جوڑوں اور پٹھوں کے درد سے بچا ؤ کے لیئے بھی موسمِ سرما کی ٹھنڈ اورسرد ہواؤں سے خود کو بچائیے اور گرم ملبوسات، دستانوں،جرابوں اور متوازن غذا کا استعمال کریں ۔ جن افراد کوگرم کپڑوں سے الرجی یا خارش ہو وہ اونی کپڑوں کے نیچے کاٹن یعنی سوتی کپڑوں کا استعمال کریں۔

موسمِ سرما میں جسم کے درجہ حرارت کو گرم رکھنے کے لیے زیادہ خوراک کی ضرورت ہوتی ہے۔ کیونکہ سردیوں (winter vibes) میں انسانی جسم زیادہ توانائی خرچ کرتا ہے ۔ سردی میں مختلف سبزیا ں ، پھل میوہ جات اس کے مضر اثرات سے بچاؤ کے لیے ہی اللہ تعالیٰ نے پیدا فرمائے ہیں یہ موسم سرما کی سوغات ہیں ، اور موسم سرما میں بہت مفید ہیں۔

سندس رانا، کراچی

اپنا تبصرہ بھیجیں