امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کی خوشحالی اور تعلیم و ترقی کے لیے پاکستان کو کرپشن فری پاکستان بنانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ٹنڈوالہ یار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس حکومت میں مہنگائی بے روزگاری اور بدامنی سے ہم مایوس ہیں جبکہ اس حکومت نے کئی واعدے کئے مگر کوئی واعدہ پورا نہیں کیا ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں امن محبت عدل اور انصاف کا انقلاب صرف جماعت اسلامی لاسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان کی کامیابی امت مسلمہ کی کامیابی ہے، افغانستان میں طالبان کی کامیابی کلمہ طیبہ کی بھی کامیابی ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امریکا اور بھارت کی شکست نظام مصطفیٰ کی نوید ہے جبکہ طالبان کی طرز پر جماعت اسلامی نظام مصطفیٰ کے نفاذ کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی مفامت سے سندھ کو تباہ کیا جارہا ہے۔