اسلام آباد: چند ماہ سے دہرے ہندسوں میں رپورٹ ہونے والے کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں کمی کے بعد شرح 3.21 فیصد ہوگئی ہے۔
ایسے میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے اعلان کیا کہ کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگوانے والے افراد کی تعداد 6 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عراق سے واپس آنے والے زائرین کو خطرناک گروہ میں شامل کیا ہے کیوں کہ وہ وائرس کے پھیلاؤ کا مؤجب بن سکتے ہیں۔
ایک اور پیش رفت کے مطابق چینی اور روسی ویکسین کی 70 لاکھ خوراکیں اسلام آباد پہنچ چکی ہیں۔
این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 6 کروڑ افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک لگادی گئی ہے جبکہ ویکسین کی دونوں خوراک حاصل کرنے والے افراد کی تعداد ایک روز میں 3 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔
شہریوں کو جلد از جلد ویکسین لگوانے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 7 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف رواں سال دسمبر کے اختتام تک مکمل ہوجائے۔
الحمد للہ کم سے کم ایک ویکسین لگانے والوں کی تعداد 6 کروڑ سے تجاوز کر گئی. آج انشاءاللہ مکمل ویکسینیشن کروانے والوں کی تعداد 3 کروڑ سے زائد ہو جائے گی. 31 دسمبر تک 7 کروڑ پاکستانیوں کی ویکسینیشن کے ہدف کو انشاءاللہ حاصل کیا جائے گا. ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی تو آج ہی لگوائیں
— Asad Umar (@Asad_Umar) October 2, 2021
دریں اثنا این سی او سی کی جانب سے عراق سے آنے والے زائرین کرام کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) جاری کردی گئی ہیں اور انہیں ایک روز تک قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔