نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اومی کرون کے پھیلاؤ سے متعلق خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ این سی اوسی کے مطابق ملک میں کورونا کی پانچویں لہر اومی کرون کی صورت میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔
سربراہ این سی اوسی اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اجلاس میں کورونا کیسز کے اعدادوشمار، ویکسینیشن پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں کورونا کیسز کے پھیلاو کا جائزہ لیا گیا۔ این سی اوسی نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کی پانچویں لہر اومی کرون کی صورت میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ کراچی میں گزشتہ 3 روز میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2 فیصد سے 6 فیصد ہوگئی۔
این سی اوسی اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کورونا ویکسین لگوانے والے افراد اومی کرون سے کم متاثر ہوتے ہیں۔ این سی اوسی کا کہنا ہے کہ شہری کورونا کی پانچویں لہر سے بچنے کےلیے ویکسین لازمی لگوائیں۔ ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے پر عملدرآمد کیا جائے۔
این سی اوسی اجلاس میں ویکسینیشن کے لازمی نظام کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں ضلعی سطح پر ویکسینیشن کے اہداف کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبوں کو ویکسینیشن کے مقررہ اہداف جلد حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
این سی اوسی حکام کا کہنا ہے کہ صوبوں کے ساتھ مل کر ویکسینیشن کے مقررہ اہداف حاصل کرنے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کے مطابق لاہور سمیت پنجاب میں اومی کرون کیسز کی تعداد 36ہوگئی۔اومی کرون کے 33 کیسز لاہور سے رپورٹ ہوئے۔