ملک میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ، لاہور میں 3اموات

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے جبکہ لاہور میں تین افراد کی اموات ہوئیں۔

محکمہ صحت پنجاب کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اس وقت لاہور میں ڈینگی کیسز کی تعداد تین ہزار666 جبکہ پنجاب بھر میں چار ہزار876 ہوگئی ہے۔ صوبے کے دیگر 35 شہروں میں 24 گھنٹوں کے دوران 96 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 626 مریض جبکہ چلڈرن اسپتال میں ڈینگی بخار میں مبتلا 14 بچے زیر علاج ہیں۔ جنرل اسپتال، جناح اسپتال، گنگارام اسپتال اور سروسز اسپتال سمیت لاہور کے سات بڑے اسپتالوں کے ڈینگی وارڈز مکمل بھر چکے ہیں۔

اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 1403 ہوگئی۔ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی بخار میں مبتلا 61 افراد کو اسپتال لایا گیا، دیہی علاقوں میں 42 جبکہ شہری علاقوں میں 19 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اسلام آباد میں رواں سیزن کے دوران پانچ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ دیہی علاقوں کی صورتحال تشویشناک ہے جہاں اب تک 937 لوگ متاثر ہوچکے ہیں۔

راولپنڈی میں بھی 24گھنٹوں کے دوران 58 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے۔ ہولی فیملی میں 20، بے نظیر استپال 21 اور ڈی ایچ کیو میں 17 مریض داخل ہوئے۔ شہر میں مجموعی مریضوں کی تعداد 863 ہوگئی۔

کراچی میں 24 گھںٹوں میں ڈینگی کے 18 مریض سامنے آئے جبکہ حیدرآباد 9 اور میرپورخاص میں 11 افراد ڈینگی وائرس میں مبتلا ہوئے۔ متاثر ہونے کل افراد کی تعداد 38 رہی۔

رواں ماہ سندھ میں اب تک 492 کیس رپورٹ ہوچکے جبکہ ڈینگی کے باعث رواں سال سندھ میں 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔

خیبر پختونخوا میں ایک ہی دن میں 198 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے۔ صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تین ہزار سے بڑھ گئی اور اب تک تین مریض جاں بحق ہوچکے ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں