وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ 50 سال اور زائد عمر کے افراد کرونا کی وباء سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں.
ہفتے کو اپنے ٹویٹ میں این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے بتایا کہ 4 ہفتے پہلے50 سال سے زائد عمر 2 کروڑ 72 لاکھ افراد میں سے 21 فیصد نے وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی ایک خوراک لگوائی تھی تاہم اب یہ تعداد21 فیصد سے بڑھ کر 33 فیصد پر آ گئی ہے۔ انھوں نے زور دیا کہ 50 سال اور زائد عمر کے شہری ویکسین لگوائیں۔
اس کے علاوہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے مطابق 24 گھنٹے کے دوران ملک میں 57 ہزار سے زائد کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4 ہزار 720 مثبت نکلے۔گزشتہ روز سندھ میں 42 ،پنجاب میں 31 اورخیبرپختونخوا میں 23 اموات ہوئیں۔اسلام آباد میں 2 اورآزاد کشمیر میں 2 جبکہ بلوچستان میں 1 مریض جان کی بازی ہار گیا۔
ملک میں کرونا سے اموات کی تعداد 23 ہزار 702 ہوگئی ہے۔پنجاب میں مجموعی طور پر 11 ہزار172 اورسندھ میں 6 ہزار 167 اموات ہوچکی ہیں۔خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 524 اور اسلام آباد میں 811 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ بلوچستان میں 331 ، گلگت بلستان میں 150 اورآزاد کشمیرمیں 641 افراد کرونا وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔