ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 85 شہریوں کی اموات ہو چکی ہیں۔ اموات میں حالیہ اضافے سے موذی مرض کا شکار بننے والوں کی مجموعی تعداد 25 ہزار 305 تک جا پہنچی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ روز 61 ہزار 446 افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 4 ہزار 553 مثبت کیس رپورٹ ہوئے۔ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.4 فیصد رہی۔
Statistics 26 Aug 21:
Total Tests in Last 24 Hours: 61,446
Positive Cases: 4553
Positivity % : 7.4%
Deaths : 85— NFRCC (@NFRCCofficial) August 26, 2021
خیال رہے کہ گزشتہ روز کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں 141 اموات ریکارڈ کی گئی تھیں، جن میں سے 59 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔
ملک کے بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے بہاولپور میں 56 فیصد، لاہور میں 42 فیصد، ملتان میں 67 فیصد اور اسلام آباد میں 43 فیصد مریض ہیں۔
اسی طرح سے آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے ایبٹ آباد میں 71 فیصد، صوابی میں 75 فیصد، سوات میں 72 فیصد اور نوشہرہ میں 80 فیصد مریض ہیں۔
اب تک ملک بھر میں کووڈ سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 10 لاکھ 19 ہزار 434 ہو چکی ہے۔ بلوچستان اور آزاد کشمیر میں کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں مختص وینٹیلیٹرز پر 503 مریض ہیں۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 لاکھ 35 ہزار 858 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 31 ہزار 87، بلوچستان میں 31 ہزار 928، گلگت بلتستان میں 9 ہزار 739، اسلام آباد میں 96 ہزار 980، خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 58 ہزار 243، پنجاب میں 3 لاکھ 83 ہزار 742 اور سندھ میں 4 لاکھ 24 ہزار 139 مریض ہیں۔