مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک اور کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج سرینگر میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ہے۔

بھارتی پولیس افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید ہونے والا نوجوان کا تعلق عسکریت پسندوں سے تھا اور ہارون سرینگر میں مقابلے کے دوران شہید کیا گیا۔ تاہم مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ نوجوانوں کو بھارتی فوجیوں نے جعلی مقابلے کے دوران شہید کردیا ہے۔

آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں تلاشی کارروائی جاری تھی۔ قابض انتظامیہ نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس کو بند کردیا ہے جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

واضح رہے کہ کشمیر میڈیا سروس کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے وحشیانہ تشدد کرکے ہزاروں کشمیریوں کو عمر بھر کے لیے معذور کردیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں پر امن مظاہروں کے دوران بھارتی فوجیوں نے بیلٹ گنز کی فائرنگ سے 200 سے زائد افراد کو عمر بھر کے لیے بصارت سے محروم کردیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج کشمیریوں کو اپاہج بنانے کے لیے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے جس میں مظاہروں اور سوگواروں پر بیلٹ گنز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال بھی شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوں کی جانب سے محکوم کشمیریوں پر کھلونا نما بموں اور بارودی سرنگوں کا بھی استعمال کیا جارہا ہے جبکہ بیلٹ گنز کے بے دریغ استعمال سے مقبوضہ وادی میں معذور ہونے والے افراد کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں