مقبوضہ کشمیر میں جھڑپیں، 9 بھارتی فوجی ہلاک

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں پیر سے جاری جھڑپوں میں 9 بھارتی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ حالیہ برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ بھارتی فوج کو ایک ہی مسلح تصادم میں اتنے زیادہ جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں بھارتی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں پیر پنجال رینج میں کارروائی کے دوران پیر کو ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) اور چار فوجی جوان ہلاک ہوگئے۔ سات فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ دو فوجیوں کی لاشیں آج جبکہ دو کی دو دن پہلے ملی تھیں۔

اطلاعات ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج میں روز بروز اضافہ کیا جارہا ہے، مقامی لوگوں کے مطابق روزانہ کئی فوجی کانوائے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہورہے ہیں، پہلے ہی 9 لاکھ کے لگ بھگ فوج تعینات ہے، خدشہ ہے کہ بھارتی سرکار کوئی بڑی گھناؤنی سازش کرنے جارہی ہے۔

قبل ازیں جموں و کشمیر میں الگ الگ مقابلوں میں دو حریت پسند شہید ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے علاقے کھگند وری ناگ اور بانڈی پورہ کے شاہ گنڈ میں دو مختلف مقابلوں میں دو حریت پسند شہید اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں