مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 4 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے پر جنین اور یروشلم کے نزدیک اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
عرب میڈیا کے مطابق جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں پر فائرنگ کی گئی جبکہ فلسطینی مظاہرین کی جانب سے صیہونی فوجیوں پر پتھراؤ کیا گیا۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 4 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ صیہونی فورسز کی فائرنگ سے ایک شخص جنین میں شہید ہوا جبکہ یروشلم میں تین فلسطینی شہید ہوئے جن کی لاشیں اسرائیلی فورسز نے اپنی تحویل میں لے لی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینیوں سے جھڑپ میں دو صیہونی فوجی زخمی بھی ہوئے۔