یوٹیوب کی معروف جوڑی شمائلہ اور حسام نے شادی کے 10 برس بعد راہیں جدا کرلیں۔
معروف وی لاگر و یوٹیوبر حسام احمد اعوان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے مداحوں کو طلاق کے حوالے سے آگاہ کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ایک نئی زندگی کا آغاز، سنبھلنے میں وقت لگے گا لیکن زندگی نے اہم سبق سِکھا دیے ہیں۔
ایک اور اسٹوری میں حسام نے تمام تر میسجز کے جواب میں بس اتنا بتایا کہ شمائلہ نے عدالت میں ان سے خلع کا کیس دائر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زندگی بھروسے، سمجھوتے کا نام ہے، خلع یا طلاق اس کا کبھی بھی حل نہیں رہا ہے، مغرب میں چھوٹی چھوٹی بات پر لوگ الگ ہوجاتے ہیں تب ہی وہاں طلاق کی شرح 98 فیصد ہے۔
حسام نے یہ بھی کہا کہ سب ہی چلے جاتے ہیں آخر میں میاں بیوی ہی بچتے ہیں، لیکن اب میرا بھی کوئی نہیں ہے، اس بات کو تسلیم کرنا میرے لیے مشکل ہے ، یہ کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں ہے۔
یوٹیوبر نے بیٹی کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں اپنے خلاف کیس کے باعث، میں ایک ہفتے سے اپنی بیٹی سے نہیں ملا ، براہ کرم آپ لوگ میرے لیے دعا کریں۔
جوڑے نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ایک ساتھ اپنی تصاویر بھی ہٹا دی ہیں۔ جوڑے کی ایک بیٹی ہے جس کا نام حُسنہ بنتِ حسام ہے۔