محکمہ صحت سندھ اسکولوں سے کورونا کے نمونے اکھٹے کرنے کا فیصلہ

محکمہ صحت سندھ نے صوبے کے تمام اسکولوں سے کورونا کے نمونے اکھٹے کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ 

محکمہ صحت سندھ نے صوبے کے تمام اسکولوں سے کورونا کے نمونے اکھٹے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالےسے صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے تمام ڈی ایچ اوز کو مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔

مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ صوبے کے ہر ضلع کے اسکولوں سے 100 سیمپل اکھٹے کئے جائیں گے اور کورونا کے کہ سیمپل ڈاؤ اسپتال کی کورونا لیب میں بھیجے جائیں گے، جس کے بعد محکمہ صحت سندھ ٹیسٹس کے نتائج سے ٹاسک فورس کو آگاہ کرے گا اور ان نتائج کی بنیاد پر کورونا ٹاسک فورس اسکولز بند یا کُھلے رکھنے کا فیصلہ کرے گی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق (این سی او سی) گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کے باعث مزید 9 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد  جاں بحق افراد کی تعداد 29 ہزار12ہو گئی جبکہ752 مریضوں کی حالت تشویشناک اور آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔گزشتہ روز 51 ہزار236 کورونا ٹیسٹ کئے  گئے  جن میں سے  4ہزار27 افراد میں  وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.8فیصد رہی، ملک بھر میں کورونا کیسز کی  مجموعی تعداد13 لاکھ 24ہزار147 ہو گئی۔

دوسری جانب اومیکرون کے تیزی سے بڑھتے کیسز کے سبب این سی او سی نے نئی پابندیاں بھی عائد کرنا شروع کر دی ہیں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

 گزشتہ روز این سی او سی  کی جانب سے کورونا کے کیسز بڑھنے پر  17 جنوری سے دوران سفر کھانے کی تقسیم پر پابندی لگائی گئی ہے  جبکہ پیر17 جنوری کو خصوصی اجلاس بھی بلالیا  گیا ہے جس میں  تعلیمی اداروں ، عوامی اجتماعات اور شادی ہالز میں پابندیوں سے متعلق غور کیا جائے گا۔اجلاس میں صوبائی وزرائے تعلیم و صحت شرکت کریں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں