محب مرزا دوسری شادی کرنے کے خواہشمند

چار سال قبل اداکارہ آمنہ شیخ سے ازدواجی تعلق ختم کرنے کے بعد اب اداکار محب مرزا جلد دوبارہ شادی کرنے کے خواہشمند ہیں۔

محب مرزا حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شریک ہوئے جس میں انہوں نے اپنے کیرئر اور مستقبل کے منصوبوں حوالے سے گفتگو کی۔

شادی کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چار سال سے اکیلا ہوں لہذا اب جلد شادی کا ارادہ بن جائے گا۔

محب مرزا نے گزشتہ کچھ عرصے سے صنم سعید سے شادی کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سب خود ہی افواہیں اُڑاتے رہتے ہیں لیکن کوئی مجھ سے خود نہیں پوچھتا۔

انہوں نے مذاق میں ہی جعلی خبریں پھیلانے والوں کو پیغام دیا کہ آپ جو کررہے ہیں کریں لیکن براہ کرم، مجھ سے بھی پوچھ لیا کریں۔

اداکار نے دورانِ انٹرویو یہ بات بھی واضح کی کہ ان کا مسلسل کسی کے ساتھ افیئر ہے، لیکن انہوں نے کسی کا بھی نام لینے سے گریز کیا۔

خیال رہے کہ محب مرزا اور آمنہ شیخ نے 2005 میں شادی کی تھی اور شادی کے 10 برس بعد اگست 2015 میں اُن کے ہاں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

جوڑے نے 2017 میں ایک دوسرے سے راہیں جدا کی تھیں جبکہ اکتوبر 2019 میں محب مرزا نے آمنہ شیخ سے علیحدگی کی تصدیق کی تھی ۔

محب مرزا اور آمنہ شیخ نے ایک ساتھ کئی پراجیکٹس کیے، جن میں ڈرامہ ’ہم تم‘ اور ’میرا سائیں‘شامل ہیں جبکہ دونوں کوان کی فلم ’لمحہ‘ کی وجہ سے بھی یاد کیاجاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں