لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت کو رہائش گاہ کے بعد جنازہ گاہ منتقل کیا جارہا ہے۔
عمر شریف کے جسدِ خاکی کو رہائش گاہ پر لانے کے موقع پر گلشن اقبال میں واقع ان کی رہائش گاہ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، علاقہ پولیس کی نفری اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔
دوسری جانب عمر شریف کے نماز جنازہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور جنازے کو شریف پارک کلفٹن منتقل کیا جارہا ہے جہاں کچھ دیر بعد ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ عمر شریف کے بیٹے کے مطابق ان کے والد کی نماز جنازہ مولانا بشیر فاروقی پڑھائیں گے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ جنازے کی سکیورٹی کے لیے دو ڈی ایس پیز کی سربراہی میں 200 سے زائد اہلکار تعینات ہیں، پارک کے مین گیٹ پر واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے ہیں جب کہ پارک میں جنریٹر اوراسپیکر لگائے گئے ہیں۔اس کے علاوہ عمر شریف پارک میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے سرچنگ بھی کی گئی۔
عبداللّہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں عمرشریف کی قبرتیار کرلی گئی ہے جہاں ان کی تدفین شیخ لیاقت کمپاؤنڈ میں کی جائے گی۔
اس سے قبل عمر شریف کا جسد خاکی بذریعہ ترک ائیر لائن صبح 5 بجکر 33 منٹ پر کراچی ائیرپورٹ پہنچا۔عمر شریف کی بیوہ زرین غزل بھی میت کے ہمراہ کراچی پہنچیں۔
کراچی پہنچنے کے بعد عمر شریف کی میت ائیر پورٹ کارگو ٹرمینل سے ان کے بیٹوں کے حوالے کردی گئی جس کےبعد میت کو کراچی کے ایدھی سرد خانے منتقل کیا گیا ہے۔
عمر شریف کی میت لے جانے والی ایمبولینس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ میت کی سرد خانے روانگی کے دوران قافلے میں عزیز و اقارب، مداحوں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا ہے۔
خیال رہےکہ عمر شریف ہفتہ دو اکتوبر کو جرمنی کے اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔
امریکا میں عمر شریف کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق جرمنی کے اسپتال میں ڈائیلیسز کے 4 گھنٹے بعد عمر شریف کی طبیعت اچانک بگڑی اور دل کا دورہ پڑا جس سے وہ انتقال کرگئے۔