لیجنڈ اداکار عمر شریف کی امریکہ روانگی کے لیے ایئر ایمبولینس کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکہ سے آنے والی ایئرایمبولینس 26 اور 27 ستمبر کی درمیانی کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی جس کے لئے عمر شریف کو اسپتال سے ساڑھے چار بجے تک کراچی ایئر پورٹ پرپہنچایا جائیگا ۔
شیڈول میں بتایا گیا ہے کہ رواز صبح ساڑھے پانچ بجے واشنگٹن امریکہ کے لیے اڑان بھرے گی جبکہ پرواز جرمنی، آئس لینڈ اور کینیڈا میں دو گھنٹے کا اسٹے کرتے ہوئے امریکہ پہنچے گی ۔
پرواز امریکہ کے مقامی وقت کے مطابق سہہ پہر چار بجے واشنگٹن ڈی سی کے ایئر پورٹ پر لینڈ کرے گی جبکہ شام پانچ بجے عمر شریف کو جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال منتقل کردیا جائیگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایئرایمبولینس کو پاکستان آنے کی اجازت دی گئی تھی جس کا اجازت نامہ بھی جاری کردیا گیا تھا۔
سی اے اے نے بتایا ہے کہ ایئر ایمبولینس میں کپتان کے ہمراہ 5 کریو کا عملہ بھی پاکستان آئے گا اور ایمبولینس کا کال سائن IFA-1264 ہے۔
خیال رہے عمرشریف کی بیرون ملک منتقلی کیلئے امریکہ کی ایئرایمبولینس نامی کمپنی کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں
سندھ حکومت کی جانب سے عمر شریف کےعلاج کیلئے 4 کروڑ جاری کئے گئے تھے جس میں سے امریکہ منتقلی کے لیے 2 کروڑ 84 لاکھ 98 ہزار ادا کئے گئے۔