قومی ٹی ٹوئنٹی میں شریک بلوچستان کے چار کھلاڑیوں کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہیں، پی سی بی نے ٹورنامنٹ کو جاری رکھنے کے لیے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق ان چاروں کھلاڑیوں کو دس روز کے لئے قرنطینہ کردیا گیا ہے، اسکواڈ میں شامل باقی تمام کھلاڑیوں کے کووڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے، بائیو سیکیور ببل میں موجود تمام شرکاء کے کووڈ 19 ٹیسٹ منگل کو لیے گئے تھے۔
پی سی بی کے مطابق سندھ اور سینٹرل پنجاب کا میچ شیڈول کے مطابق کھیلا جارہا ہے، آج کے روز کھیلا جانے والا دوسرا میچ ناردرن اور بلوچستان کے مابین کھیلا جانا تھا جسے اب ناردرن اور سدرن پنجاب کے مابین میچ سے تبدیل کردیا گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مابین میچ بھی اپنے شیڈول کے مطابق ہوگا، بلوچستان کی سیکنڈ الیون کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اس میچ کے لیے اپنی فرسٹ الیون کو دستیاب ہوں گے، یہ کھلاڑی ایک سے دوسرے ببل میں منتقل ہوجائیں گے تاہم اس دوران ان کا کووڈ 19 ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اور اسپورٹس کے ارکان 7 اکتوبر تک نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کرسکتے ہیں جبکہ 8 اکتوبر سے وہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے بنائے گئے علیحدہ ببل میں منتقل ہوجائیں گے۔