پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2022-23 کے مصروف سیزن کے لیے قومی مینز ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کےلیے اشتہار جاری کردیا۔
پی سی بی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ہائی پرفارمنس کوچ کے پاس کم از کم 5 سال کا کام کا تجربہ ہونا چاہیے، دیگر چار کوچز کو گزشتہ 10 سالوں میں کم از کم پانچ سال کا کام کرنے کا تجربہ ہو اور ساتھ ساتھ لیول تھری کرکٹ کوچنگ ایکریڈیٹیشن حاصل ہو۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پی سی بی نے پانچ کرکٹرز اور معاون اراکین کی تلاش کےلیے اشتہار دیا ہے، جس میں پاور ہٹنگ اور ہائی پرفارمنس کوچز بھی شامل ہیں، جن کی مدت ملازمت کا باقاعدہ آغاز مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز سے شروع ہونے کا امکان ہے.
یاد رہے کہ سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بالنگ کوچ وقار یونس کے اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے کے بعد ثقلین مشتاق نے عبوری بنیادوں پر ہیڈ کوچ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
ثقلین مشتاق ٹی20 ورلڈکپ، دورہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم گراؤنڈ میں قومی ٹیم کی کوچنگ کے فرائض نبھاچکے ہیں.
سال 2022 کے کیلنڈر ایئر میں پاکستان آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف 8 ٹیسٹ، 11 ون ڈے اور 13 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کرے گا۔اس کے علاوہ اسی سال آسٹریلیا میں ٹی20 ورلڈکپ اور ٹی20 ایشیاکپ بھی کھیلا جائتے گا۔
واضح رہے کہ سال 2023 میں پاکستان کو نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی بھی کرنی ہے.