قومی ون ڈے اسکواڈ بذریعہ موٹر وے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہو گیا ہے جس کے بعد ہوٹل پہنچنے پر اسکواڈ کی دوبارہ کووڈ 19 ٹیسٹنگ ہو گی۔
ایک روز کی آئسولیشن کے بعد اسکواڈ 10 ستمبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلئے ٹریننگ کا آغاز کرے گا۔
قومی اسکواڈ میں شامل کچھ کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف بذریعہ بس نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے جن میں فہیم اشرف، حسن علی، محمد حسنین اور محمد وسیم جونیئر، سعود شکیل، افتخار احمد، شاہنواز دھانی، زاہد محمود اور محمد حارث شامل تھے۔
کپتان بابر اعظم، امام الحق، شاداب خان اور محمد رضوان سمیت باقی تمام کھلاڑی پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
ٹیم منیجر منصور رانا، عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اور عبوری اسسٹنٹ کوچ عبدالرزاق سمیت ٹرینر ڈرائکس سائمن بھی اسکواڈ کے ہمراہ روانہ ہوئے۔
ڈرائیکس سائمن کو یاسر ملک کی جگہ ٹیم منیجمنٹ میں شامل کیا گیا ہے جب کہ سپورٹ اسٹاف کے دیگر ارکان بھی اسلام آباد جانے والوں میں شامل ہیں۔