افغانستان؛ قندھار مسجد میں بم دھماکا، 32 افراد جاں بحق متعدد زخمی

افغانستان میں مسلسل دوسرے جمعہ مسجد میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 32 افراد جاں بحق جب کہ 45 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دھماکہ قندھار میں نمازجمعہ کے دوران ہوا جس میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان قاری سید کھوسٹی نے ٹوئٹر پر دھماکے سے متعلق بتایا ہے کہ مسجد میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت افسوس ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کی خصوصی فورس واقعے کی نوعیت کا تعین کرنے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے علاقے میں پہنچ چکی ہے۔

دوسری جانب ایک عینی شاہد نے اے ایف پی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اس نے تین دھماکوں کی آواز سنی، ایک مسجد کے مرکزی دروازے پر، دوسرا جنوبی علاقے میں اور تیسرا جہاں نمازی وضو کرتے ہیں اس جگہ پر ہوا۔

یاد رہے کہ پچھلے جمعہ قندوز میں مسجد میں دھماکے سے 100 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں