فرانس کی سب سے بڑی ٹیکسی سروس نے ٹیسلا کی گاڑیوں میں سیکیورٹی مسائل اور گزشتہ ہفتے ہونے والے مہلک حادثے کے بعد ان گاڑیوں کا استعمال روک دیا ہے۔
پیرس میں واقع ٹیکسی سروس G7 کےمطابق یہ فیصلہ ٹیسلا کی جانب سے متعارف کرائی گئی جدید کاروں میں یکے بعد دیگرے پیدا ہونے والے مسائل اور حال ہی میں ہونے والے خطرناک حادثے کے بعد کیا گیا ہے۔ اور گزشتہ ہفتے پیش آنے والے حادثے کے بعد اپنے بیڑے میں شامل ٹیسلا ماڈل 3 گاڑیوں کا استعمال ترک کردیا ہے۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکردو راہگیروں، ایک ٹریفک لائٹ اور وین سے ٹکراگئی تھی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔
اس حادثے کے بعد حکومت کی مدعیت میں انسانی جان کے ضیاع اور غیر ارادی طور پر لوگوں کے زخمی ہونے پر ایک تفتیش کا آغٓاز کیا گیا۔
ٹیلسلا یورپ کے چیف ایگزیکٹو نےاس حادثے میں آٹو میٹک اسٹیرنگ جیسے سیلف ڈرائیونگ فیچرز میں کسی تیکنیکی خامی کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا بھر میں ٹیسلا ماڈل 3 میں کسی حفاظتی خامی کی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی ہے۔ جب کہ اس حادثے میں ایک آف ڈیوٹی ڈرائیور ملوث ہے جو اپنے گھر والوں کے ساتھ کھانے کے لیے ریستوران جا رہا تھا۔ ٹیسلا کا مزید کہنا ہے اس حاڈچے میں ملوث ڈرائیور پر انگلینڈ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پابندی عائد تھی۔
فرانس کے وزیر ٹرانسپورٹ جین بیپٹسٹے دیبری کا اس بارے میں کہنا ہے کہ ابھی تک اس بات کے کوئی شوا ہد نہیں ملے ہیں کہ یہ حادثہ کسی تیکنیکی خامی کے نتیجے میں پیش آیا۔
فرانسیسی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹیسلا کی اسسٹِو ٹیکنالوجی گاڑی کے اسٹیرنگ، ریس اور بریک کو خود کار طریقےسے کنٹرول کرنےکی اجازت دیتی ہے۔ تاہم ٹیسلا کی جانب سے ان الزامات کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی کار کو خوکار طریقے سے ڈرائیو نہیں کرتی اور ڈرائیور کو کار پر کنٹرول رکھنے کے ساتھ ساتھ ڈرائیونگ پر بھی مکمل توجہ مرکوز رکھنا ضروری ہے۔
ٹیسلا کا مزید کہنا ہے کہ ابھی تک صرف ’ آٹو پائلٹ‘ فیچر دیا ہے اور ’ مکمل خود کار ڈرائیونگ ‘ کرنے والی گاڑیاں تجرباتی طور پر چند افراد کو دی گئی ہیں لیکن بہت سے ڈرائیور اس سسٹم کا ماضی میں بھی غلط اسعتمال کرتے رہے ہیں، جن میں سے کچھ ڈرائیور کار کو ٹو پائلٹ پر کرکے موبائل پر مصروف تھے توکچھ ڈرائیور ڈرائیونگ سیٹ کو خالی چھوڑ کر مسافر والی نشست پر بیٹھنے میں ملوث پائے گئے۔