عمر شریف کی طبیعت پھر بگڑ گئی، امریکا روانگی مزید مؤخر

اداکار عمر شریف کی طبیعت ایک بار پھر بگڑگئی ہے جس کے بعد علاج کے لیے امریکا روانگی مزید 2 دن کے لیے مؤخر ہوگئی ہے۔

کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج پاکستانی کامیڈین عمر شریف کی حالت پھر خراب ہونے پر انہیں سی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ 

ڈاکٹرز  نے ان کی صحت کی بہتری کے حوالے سے آئندہ 48 گھنٹے اہم قرار دیے ہیں، اس وجہ سے ان کی امریکا روانگی مؤخر کر دی گئی ہے۔

امریکا میں مقیم امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر اور پاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے واشنگٹن میں عمر شریف کے علاج معالجے کے تمام انتظامات کیے ہیں۔

 ڈاکٹر طارق شہاب پاکستانی ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں ہیں، ڈاکٹر طارق شہاب نے  نمائندہ جیو نیوز کو بتایا کہ اتوار کو اداکار عمر شریف کے ڈائیلیسز کے دوران بلڈ پریشر کم ہوگیا تھا۔ 

ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے انہیں سی سی یو وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ عمر شریف علاج کے لیے امریکا کا طویل ترین سفر کرنے کے قابل نہیں، ان کی صحت کی بہتری کے حوالے سے آئندہ 48 گھنٹے اہم ہیں، 48 گھنٹے کے دوران عمر شریف کی طبیعت دیکھنے کے بعد روانگی کا فیصلہ ہوگا۔

 ڈاکٹر طارق شہاب کا کہنا ہے کہ اسی بنیاد پر ائیرایمبولینس کمپنی کو عمرشریف کی طبیعت کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے، ان کی علاج کے لیے امریکا روانگی کا نیا شیڈول آئےگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں