پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ عفت عمر کاعمران خان کی حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ انہوں نے عوام کو خواب دکھا کر چکنا چور کردیے۔
اداکارہ عفت عمر نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی۔
دورانِ پروگرام میزبان نعمان اعجاز کے ایک سوال کے جواب میں اداکارہ عفت عمر نے سیاست کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
عفت عمر نے کہا کہ وہ ضیاء الحق کے دور میں پلی بڑھیں اور پھر پرویز مشرف کا دور بھی دیکھا لیکن اتنے برے حلات نہیں تھےجتنے اب ہوگئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ دونوں دور عمراں خان کے دور کے مقابلے میں بہت بہتر تھے، اس وقت معاشی صورتحال اتنی خراب نہیں تھی جتنی اب ہوگئی ہے۔
عفت عمر نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹ بولا، انہوں نے عوام کو خواب دکھائے اور پھر سب چکنا چور کردیے۔
دوسری جانب اداکارہ عفت نے یہ بھی کہا کہ وہ کبھی بھی سیاست دان نہیں بنیں گی، چاہے انہیں اس حوالے سے پیشکش بھی کی جائے کیونکہ سیاست دان کوبہت زیادہ جھوٹ بولنے پڑتے ہیں اور وہ ایسا نہیں کر سکتیں۔