عابد علی کے دل کی شریان میں دوسرا اسٹنٹ بھی ڈال دیا گیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اوپنر عابد علی کے دل کی شریان میں دوسرا اسٹنٹ بھی ڈال دیا گیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق عابد علی کو دو ماہ کے لئے مکمل آرام کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے بعد وہ معمول کی کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔

کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج عابد علی کی شریان میں گزشتہ روز بھی ایک اسٹنٹ ڈالا گیا تھا۔

عابد علی نے ایک پیغام میں اپنی صحت سے متعلق مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اللّٰہ کا شکر ہے میں اب ٹھیک ہوں۔ انہوں نے دُعا اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

رواں سال عابد علی انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ میں 15 اننگز میں 695 رنز بناچکے ہیں۔ جن میں ایک ڈبل سنچری، ایک سنچری اور 2 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ عابد علی کو قائداعظم ٹرافی میں میچ کے دوران سینے کی تکلیف پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ رپورٹ میں عابد علی کی دو شریانوں میں رکاوٹ سامنے آئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں