امارت اسلامی افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی حکومت تسلیم نہ کی گئی تو دنیا کے لیے مسائل پیدا ہوں گے ۔
ایک پریس کانفرنس میں ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ امریکا کو پیغام ہے کہ اگر امارات اسلامی افغانستان کو تسلیم نہ کرنے کا عمل جاری رہے گا تو افغانستان میں مسائل جاری رہیں گے ۔ یہ خطے کے لیے مسئلہ ہے اور پوری دنیا کے لیے مسئلہ بن سکتا ہے ۔
ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ طالبان اور امریکا کے درمیان پچھلی دفعہ جنگ بھی اسی لیے ہوئی تھی کیونکہ دونوں کے درمیان باقاعدہ سفارتی تعلقات نہیں تھے ۔
گزشتہ روز افغانستان کی تعمیر نو کے امریکی جنرل انسپیکٹر ‘جان سوپکو’ نے الزام لگایا تھا کہ امریکی محکمہ خارجہ اور پینٹاگون نے افغان حکومت کے سقوط اور امریکی فوج کے انخلا سے متعلق معلومات کو چھپایا تھا ۔
جان سوپکو نے کہا تھا کہ اگست میں ہونے والے واقعات کی حقیقت سے متعلق صرف ایک ہی صورت میں پتا چل سکتا ہے کہ اگر امریکی محکمہ دفاع اور محکمہ خارجہ وہ تمام معلومات ظاہر کریں جن تک عوام کو رسائی حاصل نہیں ہے ۔
جان سوپکو کے مطابق ، امریکی وزارت خارجہ نے اپنی ویب سائٹ پر موجود 2 ہزار 400 دستاویزات سے معلومات چھپانے کی بھی کوشش کی ، جبکہ ان میں سے صرف 4 دستاویزات سے معلومات کا حذف کیا جانا ضروری تھا ۔
واضح رہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد طالبان نے وہاں حکومت قائم کر لی ہے ۔