سابقہ ادکارہ صنم چوہدری نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ موت کے بعد اللہ کو کیا منہ دکھاتی اور سکون کی تلاش میں اس دنیا سے کنارہ کشی اختیار کی۔
شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی اداکارہ صنم چوہدری نے فوٹوشیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک لائیو ویڈیو کا آغاز بسم اللہ اور قرآنی آیات سے کرتے ہوئے کہ آج میں آپ لوگوں سے اپنی اسٹوری شیئر کروں گی کہ میں نے شادی کے بعد اچانک شوبز چھوڑنے کا اعلان کیوں کیا۔
سابقہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے تو میں آپ سب لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ آپ لوگوں نے میری بہت حوصلہ افزائی کی اور مجھے بھرپور سپورٹ کیا، اتنا پیار مجھے تو اس وقت بھی نہیں ملا جب میں شوبز میں تھی۔
صنم چوہدری کا کہنا تھا کہ مجھے حجاب بہت اچھا لگ رہا ہے اور آج کل مجھے ہر کوئی یہی کہہ رہا ہے کہ میرے چہرے پر بہت نور آرہا ہے تو اس کی وجہ صرف اور صرف اللہ سے قربت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آج کل دین اسلام کو سمجھ رہی ہوں اور چاہتی ہوں کہ آپ لوگوں سے بھی شیئر کروں تاکہ آپ لوگ بھی میری طرح غافل نہ رہیں، اللہ مجھے اس قابل بنائے کہ جو پیغام میں سمجھ رہی ہوں وہ سب کو سمجھا سکوں۔
شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے صنم چوہدری نے کہا کہ اس انڈسٹری میں میرے پاس عزت، شہرت ، پیسہ سب کچھ تھا لیکن صرف سکون نہیں تھا اور سکون کی تلاش میں یہاں تک آئی جب کہ شادی کے بعد بھی انڈسٹری کے لوگوں کے ساتھ رابطے میں تھی۔
سابقہ اداکارہ نے انکشاف کیا کہ چند پروڈکشن ہاؤس سے میری پراجیکٹ پر بات فائنل بھی ہوچکی تھی لیکن پھر میں نے خود سے پوچھا کہ مجھے زندگی میں کیا چاہیے تھا، مجھے فیملی چاہیے تھی اور اگر دوبارہ شوبز میں جاتی ہوں تو یہ ممکن نہیں ہوگا، پھر میں نے اپنے استاتذہ سے مشورہ کیا۔
صنم چوہدری نے کہا ایک دن اچانک میرے ذہن میں قرآن پاک کا مطالعہ کرنے کا خیال آیا، دراصل ہر گھر کی طرح یہ کتاب میں نے بھی سجا کر اوپر رکھی ہوئی تھی لیکن مطالعہ نہیں کرتی تھی، شروع میں جب میں اکیلے میں پڑھتی تھی تو مجھے سمجھ نہیں آتی تھی۔
انہوں نے کہا پھر جب میں نے قرآن پاک کسی کی رہنمائی سے سمجھ کر پڑھنے کی کوشش کی تو مجھے لگا قرآن پاک مجھ سے بات کرررہا اور مجھے مزہ آنے لگا پھر میں نے خود سے سوال کیا شوبز میں کام کرکے میں اپنے اللہ کو تو ناراض نہیں کررہی، حجاب کے بغیر کام کرنے پر اللہ تو ناراض نہیں ہورہا؟
سابقہ ادکارہ نے کہا میرے تمام سوالات کے جوابات مجھے قرآن پاک میں مل گئے اور مجھے یہ آئینہ قرآن پاک میں ہی دکھا خاص طور پر جب میں سورہ بقرہ تک پہنچی، قرآن پاک پڑھنے اور سمجھنے کے بعد میں خوفزدہ ہوگئی تھی کہ کہیں میرا شمار بھی ان لوگوں میں تو نہیں ہوتا جن کو اللہ نے ناپسندیدہ قرار دے دیا ہے۔
صنم چوہدری کا کہنا تھا کہ حجاب کرنا مشکل لگتا تھا، مجھے لگتا تھا صرف لوگوں کو خوش کرنا ہے میری زندگی کا مقصد ہے لیکن وہ سب تو میں کررہی تھی پھر بھی مجھے سکون کیوں نہیں مل رہا تھا جب کہ لوگوں کو خوش کرتے کرتے اگر میں اللہ کے پاس چلی جاتی تو کیا منہ دکھاتی اور مجھ سے پوچھا جاتا کہ تم نے میرے لیے کیا کیا ؟
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے انسٹاگرام پر اعلان کیا کہ میں شوبز چھوڑ کر اللہ کی راہ پر چلنے کا فیصلہ کرچکی ہوں اور میں نے صرف قرآن پاک کھول کر پڑھنا شروع کیا تھا لیکن اللہ نے میرے لیے سارے راستے کھول دیے۔ ایک ویڈیو ریکارڈ کرنے کے لیے میں نے بھرپور تیاری کی لیکن سوچو اگر میں اللہ کے پاس بغیر تیاری کے چلی جاتی تو میرا کیا ہوتا اور مجھے یہ پتہ نہیں تھا کہ ایک دن مرنا بھی ہے۔
واضح رہے صنم چوہدری نے رواں سال اگست میں انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کرنے کے بعد شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کردیا تھا۔