صحت سہولت پروگرام موجودہ حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے،ہر خاندان کا ہر شخص اس سے مستفید ہو گا ، ڈاکٹر فیصل سلطان کا تقریب سے خطاب
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ صحت سہولت پروگرام موجودہ حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے،اس پروگرام سے پاکستان میں صحت کے شعبہ کا معیار بلند ہو گا، ہر خاندان کا ہر شخص اس پروگرام سے مستفید ہو گا۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں صحت سہولت پروگرام کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
معاون خصوصی نے کہاکہ صحت سہولت پروگرام کا مقصدعوام کو ہیلتھ انشورنش دینا ہے۔یہ پروگرام مریضوں کو پریشانی سے بچانے کے لئے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت سہولت پروگرام موجودہ حکومت کاایک فلیگ شپ پروگرام ہے جس کے تحت تمام طبی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ا
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر صحت سہولت پروگرام گلگت بلتستان میں بھی شروع کیا جا رہا ہے لیکن ابھی یہ پروگرام صرف اسلام آباد کے مستقل رہائشیوں کے لئے ہے۔ اس پروگرام سے مریضوں کابہتر علاج معالجہ ہو سکے گا اور پاکستان کے صحت کے شعبہ کا معیار بھی بلند ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر خاندان کا ہر شخص اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکےگا۔
صحت سہولت پروگرام کارڈ سے ہارٹ سرجری، سی سیکشن کینسر،ڈائیلائسز کا علاج کیا جاتا ہے۔ صحت سہولت پروگرام سے بچے کی پیدائش ،ایکسیڈنت اور تمام سرجریز بھی کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد اس پروگرام کے تحت مزید سہولیات دیں گے۔ اس پروگرام کا مقصد او پی ڈیز کےذریعہ اعلی سروسز دینا ہے۔ ہیلتھ کارڈ ہولڈر کے ذریعےآج سے مذکورہ پائلٹ پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔