اسد عمر نے کہا ہے کہ صحت انصاف کارڈ سے دس لاکھ تک کا مفت علاج کروایا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے گولڑہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقے کے لیے دو ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز دیے ہیں ، وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے جو وعدے کیے وہ پورے کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ این اے چون میں 5 سو بیڈز کا اسپتال بنانے جا رہے ہیں ، کالجز بنائے جا رہے ہیں ، پانی کے لیے دو سو ٹیوب ویل لگائے جا رہے ہیں ، منصوبوں کی تکمیل سے تین گناہ زیادہ پانی ہو جائیگا ، مستقبل میں زمینیں کسی کو نہیں دی جائیں گی۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ پی ڈی ایم موسمی بیماری ہے ، تین سال سے پی ڈی ایم عمران خان کا کچھ نہیں کر سکی ، اسلام آباد کے نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں گی ، کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ گریٹ 1 سے 5 تک کی نوکریاں اسلام آباد کے رہائشیوں کو دی جائیں گی۔
اسد عمر نے کہا کہ دو مہینے میں دو سو سے زائد ملازمتیں اسلام آباد کے نوجوانوں کو دی گئیں ، اسلام آباد کے تاجروں کے لیے ہماری حکومت نے قانون کرایہ داری منظور کرایا ، کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قرضے دیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے ، نواز شریف خاندان سمدھی ملک سے بھاگ گئے ہیں ، عوام کا پیسہ عوام پر استعمال ہوگا ، کوویڈ کے بعد ساری دنیا سے ہماری معیشت بہتر رہی ، مہنگائی پر قابو پائیں گے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ احساس رعایت راشن پروگرام سےغریب عوام مستفید ہوگی ، صحت انصاف کارڈ سے دس لاکھ تک کا مفت علاج کروایا جا سکتا ہے ، دنیا میں کورونا سے بہتر انداز میں نمٹنے کے لیے پاکستان پہلے نمبر پر ہے۔