شنیرااکرم کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ پر برس پڑیں

سماجی اور معاشرتی مسائل پر ہمیشہ اپنی آواز بُلند کرنے والی شنیرا اکرم نے کراچی کے چڑیا گھر کی انتظامیہ کی نااہلی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شنیرا نے کراچی کے چڑیا گھر کی اُس ویڈیو پر ردّعمل دیا جس میں جانوروں کو بھوک کی وجہ سے تڑپتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

شنیرا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’یہ غلط ہے، یہ دل دہلا دینے والا ہے اور یقینی طور پر ہماری تفریح کے لیے نہیں ہونا چاہیے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اگر ہم جانوروں کی دیکھ بھال نہیں کر سکتے اور انہیں کھانا نہیں کھلاسکتے تو ہم چڑیا گھر کے مستحق نہیں ہیں۔‘

شنیرا نے مزید کہا کہ ’جانوروں کو کھانا کھلانے سے عملے کی تنخواہ کا کوئی تعلق نہیں اور یہ کوئی عذر نہیں ہے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز کنٹریکٹر نے ادائیگی نہ کرنے پر کراچی کے چڑیا گھر میں جانوروں کی خوراک روک دی تھی۔

رپورٹس کے مطابق مناسب غذا نہ ملنے کے باعث شیر اور بندر سمیت کئی جانور لاغر ہو گئے تھے۔

بعدازاں کنٹریکٹر کی جانب سے جانوروں کو خوراک کی فراہمی بحال کر دی گئی تھی، کنٹریکٹر امجد محبوب کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کہ چڑیا گھر انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد خوراک بحال کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں