شعیب اختر نے ڈاکٹر نعمان نیاز کو معاف کردیا

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے سرکاری ٹی وی پر پیش آنے والے واقعے پر ڈاکٹر نعمان نیاز کو معاف کردیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ انہوں نے قوم اور اداروں کی عزت کے لیے ڈاکٹر نعمان نیاز کو معاف کردیا ہے۔

چند روز قبل سرکاری ٹی وی پر شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان غیر ملکی کرکٹرز کی موجودگی میں تلخ کلامی ہوئی تھی، ڈاکٹر نعمان نیاز نے کرکٹر کو آن ائیر پروگرام سے جانے کا کہا جس پر شعیب اختر نے پروگرام سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ انہوں نے سرکاری ٹی وی سے استعفیٰ اس لیے دیا کہ آئندہ کسی اسٹار کو ایسا نہ سننا پڑےکیوں کہ قومی اسٹار کو قومی ٹی وی پر اس طرح نہیں کہا جاسکتا۔

سابق فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ وہ اپنے دل میں کسی کے لیے نفرت نہیں رکھ سکتے، اس واقعے کے دن بھی ایک گھنٹے کا وقت دیا کہ کوئی ان سے معافی مانگ لے اور وہ ختم کردیں لیکن ایسا نہیں ہوا۔

علاوہ ازیں ڈاکٹر نعمان نیاز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ پروگرام میں آن ائیر جو مجھ سے ہوا اس پر جتنا ردعمل آیا وہ بالکل جائز تھا، وجہ جو بھی تھی آن ائیر یہ سب کرنے کا مجھے حق نہیں تھا، میری غلطی تھی میں اپنی غلطی پر ایک بار نہیں ہزاروں بار معافی مانگتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں