شاہد آفریدی کے پی ایس ایل کھیلنے کے حوالے سے ٹیم مینجر اعظم خان کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی کہیں نہیں جا رہے وہ ابھی بھی ہوٹل میں ہمارے ساتھ ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹیم مینجر اعظم خان نے سوشل میڈیا پر شاہد خان آفریدی کے پی ایس ایل نہ کھیلنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
پاکستان کے سابق کپتان اور سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر رہے ہیں. تاہم ایونٹ شروع ہونے سے قبل ہی ان کی شمولیت کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہو چکی ہیں۔
سوشل میڈیا پر خبریں گرش کر رہی ہیں کہ شاہد آفریدی کی اہلیہ کی بہن انتقال کر گئی ہیں جبکہ انہیں انجری کے مسائل کا بھی سامنا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بعض خبروں کے مطابق شاہد آفریدی انجری کے باعث پی ایس ایل کے ابتدائی میچوں میں نظر نہیں آئیں گے۔
ایک اخبار کی خبر کے مطابق انجری، اہلیہ کی بہن کی وفات اور بچوں کے گھر پر اکیلے ہونے کی وجہ سے شاہد آفریدی نے بائیو سکیور ببل سے نکلے کی درخواست کر دی ہے۔
اس سارے معاملے پر ایک مقامی میڈیا نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹیم مینیجر اعظم خان سے رابطہ کیا تو انہوں سوشل میڈیا پر چلنے ایسی تمام خبروں کو قیاس آرائیاں قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
اعظم خان کا کہنا تھا کہ ’سوشل میڈیا پر بہت کچھ چل رہا ہے کہ شاہد آفریدی چھوڑ کر چلے گئے مگر ایسا کچھ نہیں وہ ابھی ہوٹل میں ہمارے ساتھ موجود ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’شاہد آفریدی کو کمر کی تکلیف ضرور ہے مگر وہ اب سے نہیں بلکہ طویل عرصے سے ہے اور اسی کے باعث شاہد آفریدی ملتان سلطانز کے لیے کچھ میچ نہیں کھیل سکے تھے۔‘
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹیم مینیجر نے بتایا کہ شاہد آفریدی ایک انجیکشن لگوا کر کھیلتے ہیں جو آج وہ لگوائیں گے اور اس کے بعد دو دن کا آرام ہوتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ’ضروری نہیں مگر ہو سکتا ہے کہ شاہد آفریدی صرف پہلے میچ میں آرام کریں اور نہ کھیلیں مگر وہ کہیں نہیں جا رہے اور پی ایس ایل کے میچز کھیلیں گے۔‘