شام میں داعش کے آخری ٹھکانے ادلب میں سرچ آپریشن کے دوران ترک فوجیوں پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ شام میں ترک فوجیوں پر حملہ کیا گیا ہے۔ یہ حملہ ا±س وقت کیا گیا جب ترک فوجی ادلب کے ایک علاقے میں باغیوں کے خلاف سرچ آپریشن کر رہے تھے۔وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں 3 اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
جس علاقے میں ترک فوجیوں پر حملہ کیا گیا وہ علاقہ باغیوں کا آخری ٹھکانہ ہے جن کی سرکوبی کے لیے ترک فوجیوں کی ایک ٹیم سرچ آپریشن میں مصروف تھی۔ فی الحال ہلاک اور زخمی ہونے والے ترک فوجیوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔