افغان طالبان کا کہنا ہے کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) میں شمولیت کے خواہاں ہیں اور پاکستان کی تشویش کو دور کیا جائے گا۔
اب تک افغانستان کے ناقابل تسخیر سمجھے جانے والے صوبے پنجشیر کا کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کرنے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ افغانستان میں اب جنگ کا دور ختم ہو چکا، حکومت سازی کے لیے مشاورت کا عمل جاری ہے، جلد حکومت کا اعلان کریں گے۔
سی پیک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ افغانستان سی پیک منصوبوں میں شمولیت کا خواہاں ہے۔
پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان افغان طالبان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو جن معاملات پر تشویش ہے انہیں دور کیا جائے گا، افغانستان کی سرزمین پاکستان سمیت کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی افغان طالبان سی پیک میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں اور طالبان رہنما بارہا پاکستان کی سیاسی قیادت کو اس بات کی یقین دہانی کروا چکے ہیں کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔