سی ویو کے ساحل پر پھنسے جہاز کو نکالنے کی آج آخری کوشش بھی ناکام ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج چوتھے روز سی ویو کے ساحل پر پھنسے جہاز کو نکالنے کی آج آخری کوشیش میں ٹگ کے ساتھ باندھی گئی رسی ٹوٹنے کی وجہ سے آپریشن پھر بند کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آپریشن کے حوالے سے نجی کمپنی کے پاس آج تک کا وقت تھا، اب دوبارہ جہاز کو نکالنے کے لئے 22 سے 23 اگست کو کوشش کی جائے گی۔
اس ضمن میں ماہرین کا کہنا ہے کہ ناتجربہ کار کمپنی کے باعث گزشتہ 4 روز سے جہاز نکالنے کے عمل میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جہاز کے مالک کی جانب سے بھی غیر ملکی ایکسپرٹ اور اسپیشلائزڈ ٹگز کے بجائے مقامی ٹگز کا استعمال بھی ناکامی کی بڑٰی وجہ ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے بحری امور کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ جلد اس حوالے سے میٹنگ کرکے فیصلہ کریں گے کہ کب تک ان کو جہاز نکالنے کے لئے ٹائم دیں، جب تک یہ لوگ اسپیشلائزڈ سیلویج کمپنی نہیں لائئیں گے ان کو مزید کھیلنے نہیں دیں گے۔
محمود مولوی کا کہنا ہے کہ جہازکو نکالنے کے لئے صلاحیت کی حامل سیلویج کمپنی آئے گی، ہم موجودہ سیلویج کمپنی کے کام کے حوالے سے بھی انکوائری کریں گے۔