اسلام آباد: سی این جی کی قیمت یکم اگست والے ریٹس کی سطح پر واپس آگئی، گزشتہ روز پنجاب اور سندھ میں سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔
سی این جی کی قیمت میں ہونے والا 5 روپے فی لٹر اضافہ واپس لے لیا گیا، اوگرا نے ایل این جی کی اگست کے لئے پرانی قیمت ہی بحال رکھنے کا سرکلر جاری کر دیا۔
گزشتہ روز اوگرا نے درآمدی ایل این جی کی نئی قیمت کا سرکلر جاری کیا تھا ۔جس کے بعد آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے سی این جی کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر اضافہ کر دیا تھا۔جس کے بعد پنجاب میں سی این جی کی نئی قیمت 112 روپے فی کلو ہوگئی تھی جبکہ سندھ میں سی این جی کی قیمت 8 روپے فی کلو بڑھنے سے سی این جی کی نئی قیمت 150 روپے کلو ہوگئی تھی۔
تاہم اوگرا اور سی این جی ایسوسی ایشن میں مذاکرات کے بعد اوگرا نے دو اگست کا سرکلر معطل کرتے ہوئے پرانی قیمت بحال کر دی ۔
سی این جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین غیاث پراچہ نے بھی سی این جی کی پرانی قیمت بحال کرنے کا اعلان کر دیاہے۔