سیکرٹری جنگلات نے محکمہ جنگلات کے افسران کو تعریفی اسناد جاری کر دیں۔ اسناد میں افسران کی ماہ آزادی کے دوران شجرکاری ہدف کی تکمیل اور ریکارڈ شجرکاری میں محنت کو سراہا گیا اور ان سے اظہار تشکر کیا گیا۔
دیگر افسران کے علاوہ موثر میڈیا اور آگاہی مہم کے ضمن میں پبلسٹی آفیسر محمد سلیم کو بھی تعریفی سند جاری کی گئی۔ سیکرٹری جنگلات شاہد زمان نے کہا کہ افسران نے ماہ آزادی میں حیران کن طور پر شجرکاری کا بڑا ہدف عبور کیا۔ محکمہ کی تاریخ میں مختصر مدت میں ریکارڈ شجرکاری کی مثال نہیں ملتی۔ شاہد زمان نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے افسران نے کم وسائل اور محدود وقت میں بڑا ہدف حاصل کیا جس پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یکم تا 14 اگست تک افسران کو 21 لاکھ پودے لگانے کا ہدف دیا گیا تھا تاہم 21 لاکھ کی بجائے 75 لاکھ 50 ہزار پودوں کی شجرکاری کی گئی۔ سیکرٹری جنگلات نے مزید کہا کہ افسران کی محنت اور صلاحیتوں کی بدولت جہاں بطور سربراہ محکمہ میرا سر فخر سے بلند ہوا ہے، وہیں مجموعی طور پر افسران کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ جنگلات پلوشن فری پاکستان کیلئے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔