دنیا کی سب سے پستہ قامت گائے رانی گنیز بک آف ورکڈ ریکارڈ میں نام شامل کیے جانے سے قبل ہی چل بسی۔
ڈھاکا ٹربیون کی رپورٹ کے مطابق رانی کا انتقال بنگلہ دیش میں ہوا۔
موت کی وجہ رانی کے پیٹ میں زیادہ گیس جمع ہونا بتائی گئی ہے۔ 24 ماہ کی یہ گائے صرف 20 انچ اونچی تھی اور اس کا وزن 28 کلو گرام تھا۔
بی بی سی کے مطابق ، رانی کو رواں سال جولائی میں شہرت ملی تھی لاک ڈاؤن کے باوجود 15 ہزار سے زائد زائرین نے ڈھاکہ کے قریب رانی کے فارم پر جمع ہوکراس کے ساتھ تصاویر کھینچ تھیں۔
گائے نے اپنی منفردقدوقامت کے باعث کئی بین الاقوامی نیوز ویب سائٹس پر بھی نمایاں کوریج حاصل کی۔
فارم منیجر حسن حولدار نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کیلئے درخواست دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ رانی دنیا کی سب سے چھوٹی گائے ہے۔
حسن نے بتایا کہ رانی کو چلنے میں دشواری تھی، اس لیے اسے عام طور پر ریوڑ سے دور رکھا جاتا تھا کیونکہ وہ اپنی دیگرساتھیوں سے ڈرتی تھی۔
فارم مالک کے مطابق رانی کو گھومنا پھرنا پسند تھا اور اسے دیکھنے کیلئے آنے والے لگاوٹ کا اظہار کرتے تو وہ خوشی محسوس کرتی تھی۔
اس سے قبل ایسی اطلاعات بھی آئیں تھیں کہ رانی کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے لیے فروخت کیا جائے گا تاہم فارم نے اس خبرکی تردید کردی تھی