صوبہ سندھ میں کورونا ضابطہ کار (ایس او پیز) سے متعلق نیا حکم نامہ جاری ہوگیا۔
محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا پابندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق کراچی میں جمعہ اور اتوار جبکہ حیدرآباد میں جمعے اور ہفتے کو کاروبار بند رہے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کراچی اورحیدرآباد میں بازار رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے اور صوبے کے باقی شہروں میں بازار رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریسٹورینٹس میں انڈور ڈائننگ پرپابندی ہوگی جبکہ آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 10 بجے تک اجازت ہوگی اور فوڈ ڈیلیوری 24 گھنٹے کی جاسکے گی۔
محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز میں تقریبات پر پابندی برقرار رہے گی، اس کے علاوہ کراچی اورحیدرآباد میں مزارات بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انڈور جم صرف ویکسینیٹڈ افراد استعمال کرسکیں گے جبکہ میڈیکل اسٹورز، بیکریاں، سی این جی اسٹیشن اور پیٹرول پمپ 24 گھنٹے کھلے رہیں گے اور یہ پابندیاں یکم سے 15 ستمبر تک ہوں گی۔