سندھ میں ڈینگی کے وار جاری، مزید 31 کیسز رپورٹ

صوبہ سندھ میں تاحال ڈینگی وائرس کے حملے جاری ہیں۔

محکمہ صحت کے جاری کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 31 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 29کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔

اسکے علاوہ حیدرآباد میں 2 اور بدین میں 1 کیس رپورٹ ہوا ہے جبکہ کراچی کے ضلع شرقی میں 95، ضلع وسطی میں 90 کیسز، ضلع کورنگی 60، ضلع جنوبی 49، ضلع غربی 33اور ضلع ملیر میں 30 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال سندھ میں ڈینگی کے باعث 27 اموات رپورٹ ہوئی جن میں مٹیاری اور تھرپارکر سے 1 ، کراچی سے 21 اور حیدرآباد سے 4 شخص جاں بحق ہوئے ہیں۔

ڈینگی بخار دنیا بھر میں مچھروں سے سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے اور یہ 4 اقسام کے ڈینگی وائرسز کا نتیجہ ہوتا ہے۔

ایک تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال 40 کروڑ افراد کو ڈینگی انفیکشنز کا سامنا ہوتا ہے جن میں سے 9 کروڑ 60 لاکھ افراد بیمار ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے ابھی کوئی ویکسین دستیاب نہیں ہے تو اپنے تحفظ کے لیے موسکیٹو ریپیلنٹس کا استعمال کرنا، گھر یا دفتر سے باہر ہو یا چار دیواری کے اندر، گھر سے آستینوں والی قمیض اور پیروں میں جرابیں پہننا ، گھر میں اے سی ہو تو اسے چلانا، کھڑکیاں اور دروازوں میں مچھروں کی آمد روکنا، اے سی نہیں تو مچھروں سے بچاؤ کے نیٹ استعمال کرنے سے ہی ڈینگی سے بچا جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں