سندھ حکومت کا مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

محکمہ صحت سندھ نے کراچی کے ضلع شرقی میں اومی کرون ویرینٹ کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ صحت سندھ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر شرقی کو مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا کہا گیا ہے۔

واضح رہےکہ پاکستان میں اومی کرون ویرینٹ کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے ایک نجی اسپتال نے ایک خاتون میں کورونا کی نئی قسم اومی کرون کی تصدیق کی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق اومی کرون ویرینٹ سے متاثرہ خاتون گھر پر قرنطینہ میں ہیں ،اومی کرون ویرینٹ کا پہلا کیس 8 دسمبر کو آغا خان اسپتال میں رپورٹ ہوا۔

اومی کرون ویرینٹ سے متاثرہ خاتون میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی، متاثرہ خاتون کی کوئی ٹریول ہسٹری بھی نہیں ہے۔

اومی کرون ویرینٹ کے پھیلاؤ کو مزید روکنے کے لیے محکمہ صحت سندھ اور ضلعی انتظامیہ میں رابطہ بھی ہوا ہے۔

یاد رہےکہ سب سے پہلے جنوبی افریقا اور دیگر افریقی ممالک میں اومی کرون کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد پاکستان سمیت کئی ممالک نے جنوبی افریقا سمیت دیگر 7 ممالک پر سفری پابندیاں لگائی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہےکہ اومی کرون ڈیلٹا کے مقابلے میں زیادہ خطرناک نہیں اور اس بات کا بھی امکان ہیں کہ اومی کرون کے خلاف موجودہ ویکسین ہی اثر رکھتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں