وزیرا علیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کراچی سمیت سندھ بھر میں کل سے 8اگست تک لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوزکے مطابق اجلاس میںفیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی میں انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند رہے گی جبکہ اگلے ہفتے کے آغاز سے تمام حکومتی دفاتر بھی بند کئے جائیں گے۔ لاک ڈاﺅ ن کے دوران ایکسپورٹ صنعتوں کو پیداواری عمل جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
فیصلے کے مطابق میڈیکل اسٹورز اور کریانہ سٹورز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے ، کاروباری ، سماجی اور عوامی سرگرمیوں پر پابندیا ں ہوں گی۔لاک ڈاﺅ ن کے دوران ویکسینیشن کا عمل تیز تر کیا جائے گا، روڈ پر آنے والے ہر شہری کا ویکسین کارڈ چیک کیا جائے گا جبکہ 31اگست تک ویکسین نہ کرانے والے صوبائی ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہوگی.
واضح رہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کی تشخیص کا تناسب 12.7 فیصد جبکہ کراچی میں 26.32 فیصد تک پہنچ گیا۔ جولائی میں کورونا سے 362 مریض جاں بحق ہوئے۔ سندھ کے ہسپتالوں میں وینٹ کے ساتھ 686 آئی سی یو بیڈز موجود ہیں۔