سندھ حکومت نے 9 اگست سے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، سندھ میں کورونا کیسز کی شرح 13فیصدہو گئی ہے اور کراچی میں کورونا کی شرح میں 3 فیصد کمی آئی ہے، پہلے کی طرح اب کیسز نہیں بڑھ رہے، لاک ڈاؤن میں نرمی کرکے لوگوں کو آسانیاں دی جائیں گی۔
مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتہ پہلے سندھ میں 50 سے 55 ہزار افراد کی ویکسی نیشن ہورہی تھی، سم بند کرنے کی دھمکی ویکسی نیشن میں گیم چینجر ثابت ہوئی، سم بند کرنے کے فیصلے کے بعد ویکسی نیشن 2 لاکھ یومیہ تک پہنچ گئی۔
کراچی میں ایک لاکھ 60 ہزارافراد نے تین دن میں یومیہ ویکسی نیشن کرائی.اب تک ویکسی نیشن میں ضلع جنوبی اورشرقی آگے رہے۔ ایک دن میں 2 لاکھ 90 ہزارویکسی نیشن کی جو بڑا نمبر ہے، جو ویکسی نیشن 50 ہزارتھی آج وہ 3لاکھ کا ہندسہ چھورہی ہے، حیدرآباد، میرپور خاص اورسانگھڑ میں اچھی تعداد میں ویکسی نیشن ہورہی ہے۔محرم ایک اور ٹیسٹ کیس ہوگا، دینی اجتماعات کے لیے چھوٹے پیمانے پر ویکسی نیشن کا انتظام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہری ویکسین لگوائیں اور ماسک پہنیں، کوشش ہے شہریوں کے تعاون سے شہر میں مثبت تبدیلی لاسکیں، لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ صورتحال دیکھ کر کریں گے، کل تک 9 اگست کے حوالے سے نیا نوٹی فکیشن آجائےگا۔
یاد رہے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی میزبانی میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا مشترکہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر، لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان، معاون خصوصی سی پیک خالد منصور، میجر جنرل محمود اور ڈاکٹر فیصل سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا کہ ملک بھر 67 فیصد کیسز کراچی، لاہور، اسلام آباد ، پشاور ، راولپنڈی اور حیدرآباد میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ کراچی میں 1210 مریض تشویشناک حالت میں ہیں، جبکہ کراچی میں اموات کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔