سلور کیٹگری میں منتخب کرنے پر کامران اکمل ناراض، پی ایس ایل سے دستبرداری کا اعلان کردیا

پشاور زلمی نے سلور کیٹگری میں منتخب کیا تو کامران اکمل نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا ساتواں ایڈیشن کھیلنے سے ہی انکار کردیا۔

اتوار کے روز ہونے والی کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کے دوران پشاور زلمی نے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کو سلور کیٹگری میں منتخب کیا جس پر انہوں نے پی ایس ایل سے ہی دستبرداری کا اعلان کردیا۔

یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو میں کامران اکمل نے کہا کہ انہیں پشاور زلمی کی انتظامیہ نے کہا تھا کہ اگلے سال آپ کو کیٹگری میں ترقی دیں گے ۔ بولی کے دوران جب پلاٹینم سے گولڈ پر گیا تو تحفظات تھے لیکن پھر سلور کیٹگری میں پک کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں سلور کیٹگری میں منتخب کرنے سے بہتر ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے، اس کیٹگری میں نوجوان کھلاڑی ہونے چاہئیں۔

کامران اکمل نے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا وہ نہیں سمجھتے کہ انہیں پی ایس ایل کا ساتواں ایڈیشن کھیلنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں