سعودی وزیر داخلہ اپنا دورہ پاکستان مکمل کرکے وطن واپس روانہ

سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف اپنا دورہ پاکستان مکمل کرکے وطن واپس روانہ ہوگئے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سعودی وزیر داخلہ کو نور خان ایئر بیس راولپنڈی سے رخصت کیا۔

وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طاہر اشرفی بھی ایئر پورٹ پرموجود تھے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سعودی ہم منصب کو دورے کے حوالے سے یادگاری تصویری البم بھی پیش کیا۔

سعودی وزیر داخلہ نے اپنے دورے کے دوران صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جبکہ سعودی وزیر داخلہ نے آج وزارت داخلہ کا دورہ بھی کیا۔

وزیرداخلہ شیخ رشید احمد سے سعودی منصب نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاکستان اور سعودی عرب کے داخلہ وزارتوں کے درمیان روابط بڑھانے کے حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔

واضح رہے کہ وطن روانہ ہونے سے قبل وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف کی ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم نے اسلامی اتحاد کو فروغ دینے میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے قائدانہ کردار کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی کے لیے مملکت سعودی عرب کی کوششوں کا اعتراف کیا جبکہ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی کے وژن اور پاکستان ، سعودی عرب کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات میں ان کے گراں قدر تعاون کو بھی سراہا۔

وزیراعظم عمران خان نے خاص طور پر مشکل وقت میں پاکستان کی مستقل حمایت پر مملکت کا شکریہ ادا کیا جبکہ وزیراعظم نے پاکستان کو دی جانے والی حالیہ مالیاتی بجٹ امداد پر بھی سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے بڑی پاکستانی کمیونٹی کی میزبانی پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا جبکہ عمران خان نے عوام سے عوام کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دونوں ممالک کے درمیان مجرموں کی منتقلی کے معاہدے پر وزیراعظم عمران خان نے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے اس فریم ورک کے ذریعے کے ایس اے میں پاکستانی قیدیوں کی ایک بڑی تعداد کو پاکستان واپس بھیجا جائے گا۔

ملاقات میں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے وزیر اعظم کو ولی عہد شہزادہ کی جانب سے تہنیتی پیغام پیش کیا جبکہ سعودی وزیر نے مملکت کی ترقی میں پاکستانیوں کے مثبت کردار کا بھی اعتراف کیا۔

شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا جبکہ سعودی وزیر داخلہ نے اپنی وزارت سے متعلق تمام معاملات پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ۔

یاد رہے کہ سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدل عزیر بن سعود بن نائف کیساتھ 7 رکنی اعلی سعودی حکام کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی خصوصی دعوت پر سعودی وزیر داخلہ پاکستان کے دورے پر آج اسلام آباد پہنچے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں