ریاض: سعودی عرب میں غیرقانونی کاروبار میں ملوث گرفتار تارک وطن کو ملک بدر کرنے کا حکم جاری کردیا گیا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی شہر دمام میں گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس کے غیر قانونی کاروبار پر سعودی شہری اور شامی کو گرفتار کیا گیا جو گاڑیوں کے جعلی پرزے بھی فروخت کررہے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی شہری اس کاروبار کے حوالے سے شامی شہری کو سہولت فراہم کیے ہوئے تھا جبکہ کاروبار کا اصل مالک شامی شہری تھا۔
سعودی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ سعودی اور شامی شہری پر تین لاکھ ریال جرمانہ کیا گیا جبکہ دونوں کو 6، 6 ماہ کی قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے، سزا مکمل ہونے کے بعد تارک وطن ملک بدر ہوگا۔
سعودی حکومت نے متنبہ کیا ہے کہ سعودی شہریوں کے نام سے کاروبار کرنے والے غیرملکی خصوصی مہلت سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے کاروبار کو قانونی شکل دیں۔